سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن خواتین ونگ بشری انور نے چیف کو آرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرزمسلم لیگ ن اور وائس چیئرپرسن اوورسیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی، خواتین کی ترقی ، ملک کو درپیش چیلنجز اور تارکین وطن کی فلاح و بہبود کے معاملات زیر گفتگو آئے۔ بیرسٹر امجد ملک نے نئے عہدیداران کو زمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز شریف وزیراعلی کے طور پر خواتین کی بہتر نمائیندگی کررہی ہیں اور انہیں کی طرح محنت اور سخت محنت کا شعار بنا کر خواتین کو اپنے خاندان معاشرے اور اپنے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرناچاہیے۔ بیرسٹر امجد ملک نے مزید کہا کہ پاکستانی جہاں بھی ہوں اپنی قوم اپنے ملک اور ریاست کے رکھوالے ہیں ۔ اوورسیز پاکستانی پاکستان کو کوئی بھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ہر منفی پراپیگینڈے کا مقابلہ کریں گے۔ پاکستان بھی بلوچستان اور افغان بارڈر پر دہشت گردی کا شکار ہے۔ دہشت گردی عالمی مسلہ ہے دہشت گردی اور دہشت گردوں کا ملکر مقابلہ کرنا ہوگا۔ بھارت بڑا ملک ہے جنگی جنون سے باز رہے۔ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے جارحیت کا مقابلہ کرے گا اور بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ بشری انور نے تمام مہمانوں سے تعارف کروایا اور کہا کہ وہ سب ساتھیوں کیساتھ ملکر پاکستان کو ہر پلیٹ فارم پر اجاگر کریں گی اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے خواتین آگے بڑھ کر اپنا حصہ ڈالیں گی۔ بیرسٹر امجد ملک نے بیگم نوادر خان کی خواتین ونگ کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور تمام چیپٹر کیلئے تہنیتی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے مہمان کو اپنی کتاب پاکستان کا سفر اور پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن کے اعزازی نشان کیساتھ رخصت کیا۔